پیر5؍محرم الحرام 1445ھ24؍جولائی 2023ء

مسلم لیگ (ن) جاپان کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب

جاپان کے شہر اویاما میں مسلم لیگ (ن) جاپان کی جانب سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے پارٹی کے سینئر رہنما اور سیالکوٹ سے ن لیگ کے صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر حافظ شاہد کی جانب خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

جس میں پانچ سو سے زائد افراد نے شرکت کی، تقریب میں ن لیگ کے علاوہ پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر اہم جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے اتحاد اور سلامتی کی ضامن ہے اس کے خلاف سازش پورے ملک کے خلاف سازش ہے۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ میاں نواز شریف کو تین دفعہ نا کردہ گناہوں کی پاداش میں حکومت سے علیحدہ کیا گیا اور باوجود مقبول ترین سیاسی رہنما اور مقبول ترین پارٹی ہونے کے انہوں نے کبھی ریاست کے خلاف سازش نہیں کی۔ نہ ہی فوج کے خلاف بات کی اور نہ فوجی تنصیبات پر حملے کیے۔

انہوں نے صبر کیا اور یہ صبر کا ہی نتیجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور عنقریب میاں نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم بھی ہوں گے، اس موقع پر ملک نور اعوان نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگوائے۔

مسلم لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج پاکستانی عوام کا فخر ہے اس کے خلاف سازشیں برداشت نہیں کریں گے بلکہ پاک فوج کے خلاف سازش کرنے والوں کو پاکستانی عوام ذلیل و رسوا کریں گے اور کبھی اقتدار میں نہیں آنے دیں گے۔

ملک یونس نے حافظ شاہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حافظ شاہد صرف جاپان میں ہی ہمارے رہنما نہیں بلکہ ن لیگ پاکستان کے بھی لیڈر ہیں اور وہ اور ان کے چاہنے والے حافظ شاہد کو سیالکوٹ سے کامیاب کرانے میں جان کی بازی لگادیں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن جاپان کے سرپرست اعلیٰ رانا ابرار نے کہا کہ وہ پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے اتنی بڑی تقریب منعقد کرنے پر حافظ شاہد کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس سے قبل جاپان میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے کبھی اتنی بڑی تقریب منعقد نہیں ہوئی۔

رانا ابرار نے کہا کہ پاک فوج پاکستانی قوم کا فخر ہے اور پاک فوج کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے اور پاکستان کے دشمنوں کو پاکستانی قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ رانا ابرابر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی فوج اور اپنے ملک کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہانے سے گریز نہیں کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی جاپان کے صدر نعیم خان نے کہا کہ آج کا پروگرام پاک فوج کے لیے ہے ہمیں فخر ہے کہ ہمارے والدین نے ہمیں بچپن سے ہی پاک فوج سے محبت کرنا سکھائی ہے اور ہماری قوم کا بچہ بچہ پاک فوج سے محبت کرتا ہے اور آج کے اس پروگرام کے انعقاد پر وہ حافظ شاہد کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان حافظ شاہد نے کہا کہ ہمارے خون میں پاک فوج سے محبت شامل ہے ماضی میں پاکستان میں ایک سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف مہم چلائی گئی۔ فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے لوگوں کو فوج کے خلاف اکسایا گیا۔

اس موقع پر محب وطن پاکستانی خون کے آنسو روتے رہے کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ پوری پاکستانی قوم پاک فوج سے محبت کرتی ہے۔ لہٰذا اس وقت سے انہوں نے سوچ رکھا تھا کہ وہ بیرون ملک خصوصاََ جاپان میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی پروگرام کا انعقاد کریں گے اور آج اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کے دیکھ کر وہ انتہائی خوشی محسوس کررہے ہیں اور مستقبل میں بھی وہ پاک فوج سے یکجہتی کے لیے پروگراموں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔

حافط شاہد نے کہا کہ وہ میاں نواز شریف اور پوری پارٹی خصوصاََ خواجہ آصف کے شکر گزار ہیں کہ انہیں سیالکوٹ سے صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے لیے منتخب کیا اور کوشش کریں گے کہ پارٹی کا پرچم ہمیشہ بلند رکھ سکیں جبکہ ساتھ ہی وہ پاکستان اور پاک فوج کا پرچم بھی کبھی جھکنے نہیں دیں گے۔

تقریب سے سینئر پاکستانی اور لیگی رہنما ملک لیاقت، چوہدری عنصر سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا جبکہ سیکڑوں کی تعداد میں کمیونٹی ارکان نے پروگرام میں شرکت کرکے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا جبکہ مہمانوں کی لذیز کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.