پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایم کیو ایم کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے اسے گارنٹی دینے کا فیصلہ کرلیا۔
جیونیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی کراچی کے بارے میں ایک سوچ ہے، جس سے ہم مکمل اتفاق کرتے ہیں، نوکریوں میں حصہ کراچی کے شہریوں کا حق ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ہم بات کریں گے، پی پی کو اپوزیشن کے پلیٹ فارم پر آنے والی جماعتوں کے تحفظات کا ازالہ کرنا چاہیے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کراچی کے مسائل اور وسائل سے متعلق ایم کیو ایم درست بات کر رہی ہے، ایم کیو ایم نےجائز معاملات سامنے رکھے ہیں، اس پر بات ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے علم نہیں کہ (ق) لیگ نے وزارت اعلیٰ کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پیپلز پارٹی اور شہباز شریف سے بات ہوئی ہے، اعلیٰ قیادت مشاورت کرکے ایم کیو ایم کو گارنٹی دے گی، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔
Comments are closed.