اتوار 9؍صفر المظفر 1445ھ27؍اگست 2023ء

مسلمان بچے کو پٹوانے والی ٹیچر ہٹ دھرمی پر اتر آئی

بھارتی ضلع مظفر نگر کے اسکول میں مسلمان بچے کو کلاس کے دیگر طالب علموں سے پٹوانے والی استانی نے اپنی حرکت کا دفاع کرتے ہوئے شرمندہ ہونے سے انکار کردیا۔

دو روز قبل بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر مظفر نگر کے مقامی اسکول میں ٹیچر کی جانب سے معصوم بچے کو دیگر طلبہ سے پٹوانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

راہول گاندھی نے بھی بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت انگیزی اور عدم مساوات نے ملک میں آگ لگا دی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کلاس میں موجود ٹیچر نے ایک بچے کو اپنے سامنے کھڑا کیا ہوا ہے اور دیگر طالب علموں کو بلا کر وہ بچے کو تھپڑ لگواتی ہیں۔

اسکول ٹیچر ترپتا تیاگی کا کہنا ہے کہ مجھ سے غلطی ہوئی ہے مگر میں شرمندہ نہیں ہوں گاؤں کے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو سزا دینا معمول کی بات ہے جو بچے کام نہیں کرتے چاہے وہ مسلمان ہوں یا پھر ہندو انہیں سزا بھی دی جاتی ہے اور ان کے ساتھ ڈانٹ ڈپٹ بھی کی جاتی ہے۔

اسکول ٹیچر نے اپنے عمل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بالکل اسی طرح قابو کیا جاتا ہے میں نے جو کام کیا ہے اس پر مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے، بچے کے والد کی طرف سے بھی ہمیں اسے سزا دینے کا کہا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.