آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین بہار کے صدر اختر الایمان نے کہا ہے کہ ریاست بہار کے وزیراعلیٰ اور دیگر لیڈرز مسلمانوں کو گمراہ کرنے کے ساتھ انہیں دھوکا دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام یہ توقع کر رہے تھے کہ بہار کے وزیراعلیٰ ان کے لیے کچھ خاص اعلان کریں گے لیکن وہ بی جے پی کی باتیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے اور لوگوں کو بی جے پی سے ڈرا رہے ہیں۔
اختر الایمان نے ہفتے کو گرینڈ الائنس کے پرنیا ریلی کے ایک روز بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور مہا گٹھ بندھن کے رہنماؤں پر الزام عائد کیا کہ وہ شمالی بہار کے علاقے سیمناچل کے عوام بالخصوص مسلمانوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی ریلی ناکام رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار اور دیگر رہنماؤں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی کشن گنج میں شاخ قائم کرنے کے معاملے پر بھی کچھ نہیں کیا جو ایک ضرورت تھی۔
اخترالایمان نے کہا جو کل تک بی جے پی کی گود میں بیٹھے تھے وہ آج مسلمانوں کو بی جے پی اور آر ایس ایس سے خوفزدہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہم عوام کے پاس آئندہ الیکشن میں کھلے ذہن کے ساتھ جائیں گے اور اصل مسائل جس میں کہ پسماندگی، سیلاب، ناخواندگی اور غربت شامل ہیں اس سے انہیں آگاہ کریں گے۔
Comments are closed.