نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے وفاق اور صوبوں میں عبادت گاہوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔
این سی او سی کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ مساجد اورعبادت گاہوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
این سی او سی کے مراسلے کے مطابق وزارت مذہبی امور مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے، علماء کرام مساجد میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد میں تعاون کریں۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ وزارت مذہبی امور ویکسینیشن سے متعلق آگاہی کیلئے علماء کی خدمات حاصل کرے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا صورتحال کا متواتر جائزہ لیا جا رہا ہے، مناسب صورتحال مدنظر رکھ کر عبادت گاہوں سے متعلق ایس او پیز پر نظر ثانی ہوگی۔
خیال رہے کہ کورونا پھیلاؤ کے پیشِ نظر این سی او سی نے عبادت گاہوں کے لیے ضروری اقدامات کا فیصلہ کیا تھا۔
مساجد، عبادت گاہوں کے حوالے سے کیے گئے فیصلے میں صرف مکمل ویکسین شدہ افراد کو مساجد، عبادت گاہوں میں جانے کی اجازت ہوگی، مساجد سے کارپٹ اٹھا دیے جائیں ، مساجد اور عبادت گاہوں میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے۔
اجلاس میں بزرگ اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو گھر پر نماز پڑھنے کو ترجیح دینے کا کہا گیا تھا۔
یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ کم سے کم لوگ مساجد آئیں، سینیٹائزر کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے، کھلی فضا میں عبادت کی جائے، ہوا کے لیے کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں، نماز جمعہ کا خطبہ مختصر رکھا جائے۔
Comments are closed.