اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کالعدم کرنے کی مسلم لیگ نون کی نائب صدر، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی متفرق درخواست پر لگے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور ہو گئے۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔
مریم نواز اپنے وکیل عرفان قادر ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
عدالت نے مریم نواز کی متفرق درخواست 13 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی مرکزی اپیلوں پر سماعت بھی 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
جسٹس عامر فاروق نے دورانِ سماعت ریمارکس دیئے کہ نیب نے بھی ایک درخواست دی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں۔
مریم نواز کے وکیل عرفان قادر نے کہا کہ آپ نیب کی درخواست کا پیرا تھری پڑھیں، آپ کو ہنسی آئے گی، ان کی استدعا ہے کہ نیب کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے۔
عرفان قادر نے کہا کہ اگر کسی نے ہماری درخواست سے کچھ غلط تاثر لیا ہے تو وہ غلط ہے۔
واضح رہے کہ مریم نواز کی درخواست پر رجسٹرار ہائی کورٹ کی جانب سے 2 اعتراضات کیئے گئے تھے۔
Comments are closed.