وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی باتوں پر اب تو اُن کے بچے بھی ہنستے ہیں۔
میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے ن لیگی نائب صدر مریم نواز کی میڈیا گفتگو پر جوابی ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزيشن پہلے سال سے حکومت گرانے کا خواب دیکھ رہی ہے، اگلے 5 سال بھی وہ اسی میں گزار دے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مریم نواز کی باتوں پر تو اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، جب بھی یہ حکومت گرانے کی باتیں کریں تو ان کے پرانے دعوے سامنے رکھنے چاہئیں۔
آج مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں حکومت کو چند دن کا مہمان قرار دیا اور کہا کہ حکومت کو ہٹانے کا طریقہ کار جلد سامنے آجائے گا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ سمجھ نہیں آیا کہ وفاقی وزیرداخلہ کو ہاتھ سر پر ہونے کی بات کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
ن لیگی نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ وزرا عمران خان کے منہ پر ان کی بے عزتی کررہے ہیں، قومی اسمبلی اور کابینہ میں ارکان کھڑے ہوکر ان کی نااہلی کے خلاف باتیں کررہے ہیں، وزرا کے بیانات سے ظاہر ہے کہ ان کا انجام قریب ہے۔
ن لیگ میں بغاوت کے دعووں کو حکومت کی نااہلی اور نالائقی سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے مریم نواز نےکہا کہ ن لیگ آگ کے دریا سے گزر کر آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرانے دھمکانے، لالچ اور بدترین انتقام کے باوجود ن لیگ کا ایک ایک ایم این اے اور ایم پی اے چٹان کی طرح کھڑا رہا۔
Comments are closed.