مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کی سعودی عرب میں میچ دیکھتے ہوئے تصویر پر تبصرہ کیا ہے۔
انہوں نے عمران خان کی وفاقی وزراء کے ہمراہ میچ دیکھتے ہوئے تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور لکھا کہ ’ملک میں خلقِ خدا بھوک، مہنگائی اور نا اہلی سے مر رہی ہے اور ان کو دیکھو!‘
مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں بھی کہا کہ ’بے ضمیری اور بے حسی کا اگر چہرہ ہوتا تو ایسا ہوتا۔‘
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ شام پاک بھارت کے درمیان کھیلے جانے والا تاریخی میچ اپنے وفاقی وزیروں اور مشیروں کے ساتھ دیکھا۔
گزشتہ شام جہاں پاکستانی عوام پاک بھارت کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے میچ کے بخار میں مبتلا تھی وہیں 1992ء ورلڈ کپ کے فاتح کھلاڑی، وزیر اعظم عمران خان نے بھی بھر پور دلچسپی کے ساتھ میچ دیکھا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاہین شاہ آفریدی کے تباہ کن بالنگ اسپیل کے بعد کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی ریکارڈ شراکت کے باعث پاکستان نے بھارت کو 10وکٹ کی عبرت ناک شکست دے کر تاریخ بدل دی ہے۔
Comments are closed.