بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دیدیا، ہم نہیں جانے دیں گے، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بیرون ملک جانے کا عندیہ دیدیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز نے اقرار کرلیا کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کا مستقبل اندھیرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت قطعی نہیں دے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مریم نواز کی بیرونِ ملک سرجری پر آج کے اجلاس میں کوئی بات نہیں ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مریم نواز اس طرح کے پیغامات سے بیرون ملک جانے کی راہ ہموار کررہی ہیں۔

شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ اس خاندان میں کونسی ایسی بیماری آتی ہے کہ جس کا علاج ملک میں نہیں ہوسکتا؟، نواز شریف علاج کرانے بیرون ملک گئے اور پھر اُن کا علاج پیچھے رہ گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے علاج کروانے کا کہہ کر لندن پہنچ کر سیاست شروع کردی، انہیں پاکستان واپسی کے سفری دستاویزات جاری کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کو پاسپورٹ کے بجائے واپس آنے کے لیے ٹریول ڈاکومنٹ جاری کریں گے، ہم کیسے قانون کو مطلوب شخص کو پاسپورٹ دے کر مدد کرسکتے ہیں؟

اُن کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ہم سہولت کار بن جائیں اور نواز شریف لندن سے کہیں اور ہی چلے جائیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ حکومت سینیٹ الیکشن میں پیسے کی سیاست ختم کرنا چاہتی ہے، سینیٹ الیکشن سے متعلق میڈیا حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ہمیشہ موقف رہا کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہونے چاہئیں، الیکٹورل ووٹ کے امین لوگوں کو عوام کا ووٹ غلط استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے سیاست میں پیسے کے کلچر کو عام کیا، پیسے کی سیاست ختم کرکے اہلیت اور میرٹ کو فروغ دیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.