اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز، رانا ثنا اللّٰہ اور فضل الرحمٰن سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر متعلقہ فورم نہ ہونے کا رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا ہے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ کی درخواست ہے کیا ؟ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ ان رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف بیانات دیے گئے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کیا اس ہائی کورٹ سے متعلق کوئی ذکر ہے؟
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آپ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے پاس جائیں جن سے متعلق آپ کہہ رہے ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار لاہور کا ہے اس کو یہ ہی جگہ کیوں پسند ہے، درخواست گزار کو کہیں کہ لاہور میں بھی عدالتیں ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس میں مزید کہا کہ جس وقت یہ بیانات دیے گئے اُس وقت کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔
Comments are closed.