وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر کے پاس سیاسی طور پر کہنے کو کچھ نہیں بچا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر جتنے مرضی جادوئی گلاس اٹھائیں، یا الہ دین کا چراغ رگڑیں، انہیں کرپشن کا حساب دینا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے مال سے بنائے لندن فلیٹس کی سزا جنتر منتر والے قطری خط سے ختم نہیں ہوگی۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ لندن فلیٹس کی سزا طوطا فال والے جعلی کیلبری فونٹ سے بھی ختم نہیں ہوگی، مریم صفدر کے پاس سیاسی طور پر کہنے کو کچھ نہیں بچا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اصل مقدمہ ان کا اپنا کیس ہے، جس کو پچھلے 3 سالوں سے چلنے نہیں دیا، مریم صفدر کے 17سالہ بھائیوں نے جنتر منتر کے تحت لندن میں اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں۔
فرخ حبیب نے استفسار کیا کہ وہ کون سی طوطا فال تھی جس سے مریم صفدر قطری خط لے آئیں تھیں؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف بھگوڑے بن کر لندن کی ٹھنڈی ہواؤں کے مزے لے رہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے ضامن اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے، جوقابل قبول نہیں۔
Comments are closed.