پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہے کہ مریم صفدر کی خاموشی معنی خیز ہے، وہ پہلے اداروں کے خلاف بیان دیتی ہیں پھر خاموش ہوجاتی ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور اور وزیر آبپاشی محسن لغاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر حسان خاور کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کا اسکرپٹ عوام کو سمجھ آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ2021ء پنجاب کی ترقی کا سال تھا، پنجاب میں 70 فیصد لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے، صوبے میں سب کو صحت کارڈ دینے جارہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مشن صوبے کو آگے لیکر جانا ہے، ڈیموں سے متعلق ستر سال کا کام ایک طرف، بزدار حکومت کا کام ایک طرف ہے، آبیانے کے فرسودہ نظام سے جان چھڑا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے نجی اسپتالوں میں مقابلے کی فضا پیدا ہوگی،سندھ کے عوام صحت کارڈ سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے، سندھ اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوپارہا۔
پنجاب حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ ووٹ کی طاقت سے سندھ کے عوام صوبائی حکومت سے انتقام لیں گے۔
حسان خاور کا یہ بھی کہنا تھا کہ چھوٹے میاں بڑے میاں کی ضمانت دیکر پھنس چکے ہیں، بڑے میاں کو علم ہے کہ کوٹ لکھپت جیل ان کا انتظار کررہی ہے،شہبازشریف کی فنکاریاں 16 ارب کے سامنے دم توڑ چکی ہیں۔
Comments are closed.