بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

مریم اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں پر سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مسلم لیگ نون کی نائب صدر، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر روزانہ سماعت کی درخواست دائر کر دی۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر جان بوجھ کر اپیلوں کی سماعت میں تاخیر کر رہے ہیں، مریم نواز کے وکیل ایک سال سے بہانے بنا کر تاریخیں لے رہے ہیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر روزانہ سماعت کر کے 30 روز میں کیس کا فیصلہ کیا جائے۔

دورانِ سماعت عطاء تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ عرفان قادر کو اس کیس میں وکیل مقرر کیا گیا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ درخواست عرفان قادر صاحب کو یہاں آ کر کرنی چاہیئے، وہ پیش ہو کر مہلت طلب کرتے تو زیادہ بہتر تھا، اس طرح تاثر جائے گا کہ آپ تاخیر کرنا چاہتے ہیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ عرفان قادر کو کیس کی اسٹڈی کے لیے ایک ماہ کا وقت دیں، سابق وکیل امجد پرویز بیمار ہیں، انہیں بیلٹ لگی ہوئی ہے اور وہ سفر نہیں کر سکتے۔

اس موقع پر نیب کی جانب سے اعتراض کیا گیا کہ ابھی تک پرانے وکیل کا پاور آف اٹارنی بھی واپس نہیں ہوا ہے۔

عدالتِ عالیہ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.