پیر 24؍صفر المظفر 1445ھ11؍ستمبر 2023ء

مریم اورنگزیب نے عارف علوی سے ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ مانگ لی

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ مانگ لی۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی صدارتی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عارف علوی اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکریٹریٹ منتقل ہوجائیں، یہ صرف ملک میں معاشی، سیاسی اور آئینی بحران چاہتے ہیں۔

ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ 4 سال معیشت تباہ، ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کا کٹھ پتلی نیا آئینی بحران پیدا کرنے پر تلا ہے، اس کا انہیں کوئی اختیار ہے نہ سیاسی و اخلاقی جواز حاصل ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ 16ماہ کے معاشی استحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں، یہ خارجی پالیسی کے استحکام کے خلاف سازش کرنے والے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ امن اور استحکام جیل میں بیٹھے معاشی دہشت گرد سے برداشت نہیں، عوام کی ترقی، روزی، روٹی کے دشمن آج کے حالات کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خود غرض سازشی موقع ملتے ہی ملک اور عوام پر ایک نیا وار کرتے ہیں، یہ ملک میں افراتفری، ٹکراؤ اور گند ڈالنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ آئینی منصب کی آڑ میں ایک اور 9 مئی کی تیاری دکھائی دے رہی ہے، ملک میں افراتفری اور فساد کی یہ سازش بھی ناکام ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.