جمعرات 13؍صفر المظفر 1445ھ31؍اگست 2023ء

مردم شماری کے مطابق حلقہ بندی نہ کی تو زیادتی ہوگی، مسلم لیگ (ق)

مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق نئی حلقہ بندی ضرور ہونی چاہیے، اگر حلقہ بندی نہ کی گئی تو یہ ایک زیادتی ہوگی۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔

وفد اراکین نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ق لیگ وفد نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے جتنے انتخابات کرائے ہیں وہ انتہائی شفاف تھے۔

اسلام آباد ملک میں عام انتخابات کی تاریخ پر وزارت…

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ شیڈول کے مطابق حلقہ بندی کا کام 120دن میں، 14دسمبر 2023 کو مکمل ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے کام کے دورانیے کو مزید کم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس کے فوراً بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ حلقہ بندیاں اور انتخابات کا انعقاد آئین و قانون کے مطابق شفاف انداز میں مکمل ہوگا۔

مسلم لیگ (ق) کے وفد نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جلد الیکشن شیڈول دینے کا کہا ہے۔ 

پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن 90 دن میں ہوں یا 190 دن میں، بس شفاف ہونے چاہئیں۔

دوسری طرف تحریک لبیک پاکستان کے وفد نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کے بعد کہا کہ انتخابات جلد کرائے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.