سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے شہریوں کے لیے اچھی خبر سنادی۔
کراچی میں مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی میں پاکستان کا سب سے بڑا امراض قلب کا ادارہ قائم ہوگا جس کا سنگِ بنیاد آئندہ پیر کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی والوں سے جو وعدہ کیا وہ تکمیل کی طرف پہنچ رہا ہے، کورنگی میں 1200 بیڈ کا سب سے بڑا پاکستان کا امراض قلب کا اسپتال بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ گلستانِ جوہر میں فلائی اوور کا کام بھی مکمل ہوگیا جس کا 23 مارچ کو وزیراعلیٰ سندھ افتتاح کریں گے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پہلوان گوٹھ میں اسٹارم واٹر ڈرین پر تیزی سے کام چل رہا ہے، لیاری میں چاکیواڑا روڈ سندھ حکومت نے مکمل کرلی، ٹینری روڈ کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے، مشکل حالات کے باوجود لوگوں کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پیپلز بس سروس کی سہولت شروع ہوئی، اس کے بعد یہ سہولت حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر کے عوام کو دی گئی، گمبٹ اسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں پہلا پبلک سیکٹر ادارہ قائم ہورہا ہے جہاں پھیپھڑے ٹرانسپلانٹ ہوسکیں گے، اپریل کے شروع میں اس منصوبے کا افتتاح کردیا جائے گا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ حکومت ساڑھے 4 ملین ڈالر کی سائبر نائف سہولت خریدنے جا رہی ہے، جناح اسپتال میں 3 سائبر نائف کی سہولت ہوگی، ملیر ایکسپریس وے پر کام شروع کیا گیا جس کا پہلا فیز قیوم آباد سے ملیر پل تک ہوگا، ٹارگٹ ہے 14 اگست تک اس کو عوام کے لیے کھول دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اور سپر ہائی وے لنک روڈ کو بھی اپریل میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، 2660 میگا واٹ کوئلے سے بنائی گئی بجلی پیدا کی جا رہی ہے جس کو نیشنل گرڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے، ہمارے کوئلے کی کوالٹی اچھی ہے، اس سے بننے والی بجلی جلد نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے تاکہ عوام کو سستی بجلی فراہم کی جاسکے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچھ لوگوں کا ٹارگٹ ہے کہ یہاں مایوسی پھیلے لیکن جان لیں وہ خود مایوس ہوں گے، مثبت چیزوں کی نشاندہی ہونی چاہیے، مشکل حالات کے باوجود پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت مثبت کام کر رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ عمرانی ایجنڈا تخریب اور تباہی جبکہ پیپلز پارٹی کا منشور تعمیر و ترقی کا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان کا ہدف ہے کہ مایوسی پھیلے، حافظ نعیم اتاولے بہت ہیں 53 کیا 530 یوسی بھی بڑھاتے تو ان کو مسئلہ ہوتا، حافظ نعیم کو میئر فوبیا ہوگیا ہے۔
Comments are closed.