اتوار 20؍ربیع الثانی 1445ھ 5نومبر2023ء

مرتضیٰ وہاب نے صدر یو سی 13 کے چیئرمین کا الیکشن جیت لیا، غیر سرکاری غیر حتمی تنائج

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر یو سی 13 سے  چیئرمین کا الیکشن جیت لیا۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر سب سے آگے نظر آئی۔ صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے مرتضیٰ وہاب تین ہزار 976 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق  کراچی کے صدر ٹاؤن کی یو سی 13 سے مرتضیٰ وہاب 3 ہزار 976 ووٹ حاصل کرکے جیت گئے۔ جماعت اسلامی کے نور السلام ایک ہزار 566 ووٹ حاصل کر سکے۔

خیال رہے کہ مرتضیٰ وہاب ابراہیم حیدری کے حلقے سے بھی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔

کراچی میں ٹاؤن میونسپل کمیٹی ماڑی پور یوسی 3 کا مکمل غیر سرکاری نتیجہ جاری کردیا گیا۔

ریٹرننگ آفیسر کیماڑی کے مطابق پیپلز پارٹی کے سیف اللّٰہ نور 5466 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوگئے، جماعت اسلامی کے محمد حسین 788 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے، ن لیگ کے شاہد اقبال 606 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

یو سی 3 ماڑی پور ٹاؤن میں ٹرن آؤٹ 29 فیصد رہا، رجسٹرڈ 25 ہزار 512 میں سے 7485 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدر کراچی کی یو سی 6 میں پی ٹی آئی کے منصور شیخ 1363ووٹ لے کر وائس چیئرمین منتخب ہوگئے، یوسی 6 میں وائس چیئرمین کی نشست پر تحریک لبیک کے محمد شاہ رخ 657 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

صدر ٹاؤن یوسی 12 کی وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے محمد حسین 3250 ووٹ لے کر کامیاب اور جماعت اسلامی کے امتیاز خان 757 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ملیر گڈاپ یوسی 7، مراد میمن گوٹھ کے تمام 27 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق  چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے امیدوار سلمان مراد، نائب چیئرمین کے امیدوار محمد سلیم نے 9932 ووٹ لیے۔

ملیر گڈاپ یوسی 1وارڈ 4 ،وارڈ ممبر کی نشست  پر پیپلز پارٹی کے امیدوار نورعالم 1647ووٹ لے کر کامیاب ہوئے،   ملیر، غازی داؤد بروہی یوسی 2، وارڈ 3 کےجنرل ممبر کی نشست  پر آزاد امیدوار محمد عمر 1097 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔

کراچی میں ٹاؤن میونسپل کمیٹی ناظم آباد وارڈ 3 پر جنرل ممبر کی نشست کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سامنے آیا جس کے مطابق جماعت اسلامی کے جنرل ممبر کے امیدوار طلحہ احمد 364 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔

حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے رہے، کراچی میں مرتضیٰ وہاب کی جیت کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا۔

کراچی میں 3 یونین کونسلز کے چیئرمین/ وائس چیئرمین اور 3 جنرل کونسلرز کے ضمنی بلدیاتی انتخاب کےلیے پولنگ ہوئی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب  نے صدر ٹاؤن میں یو سی 13 جبکہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللّٰہ مراد نے گڈاپ ٹاؤن کی یو سی 7 سے چیئرمین کا ضمنی الیکشن لڑا۔

ضلع ملیر، ضلع کیماڑی، ضلع جنوبی میں چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات ہوئے جبکہ ضلع ملیر اور ضلع جنوبی میں وائس چیئرمین کی نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی۔

کراچی کے ضلع ملیر، ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں وارڈ ممبران کی نشستوں پر انتخابات ہوئے، ضلع جنوبی صدر ٹاؤن یوسی 13 سے چیئرمین کی نشست کے لیے 7 امیدوار مد مقابل تھے۔

121 پولنگ اسٹیشن میں سے 42 کو انتہائی حساس اور 79 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ ضلع ملیر میں 46، ضلع شرقی میں 3، ضلع کیماڑی میں 17، ضلع وسطی میں 7 اور ضلع جنوبی میں 48 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.