بدھ 23؍ربیع الثانی 1445ھ8؍نومبر 2023ء

مرتضیٰ بھٹو قتل کیس، سابق پولیس افسران سمیت 19ملزمان طلب

سندھ ہائی کورٹ نے مرتضیٰ بھٹو قتل کیس میں ملزمان کی بریت کےخلاف اپیلوں پر سابق ڈی آئی جی شعیب سڈل، سابق پولیس افسر واجد درانی سمیت 19 ملزمان کو طلب کر لیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں مرتضیٰ بھٹو قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔

طلبی کے باوجود ملزمان کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ایس ایچ او کلفٹن کو نوٹس کی تعمیل کا حکم دیتے ہوئے سابق ڈی آئی جی شعیب سڈل، سابق پولیس افسر واجد درانی سمیت 19 ملزمان کو طلب کر لیا۔

دورانِ سماعت  وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مسعود شریف، رائے محمد طاہر، شبیر احمد قائم خانی انتقال کر چکے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ جن ملزمان کا انتقال ہوچکا ہے ان کی بھی تصدیق کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

یاد رہے کہ مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے واقعے کے بعد سرکار اور مرتضیٰ بھٹو کے ملازم نور محمد کی مدعیت میں 2 مقدمات درج کیے گئے تھے۔

دسمبر 2009ء میں ماتحت عدالت نے 20 پولیس افسران کو بری کر دیا تھا۔

میر مرتضیٰ بھٹو کے ملازم نور محمد گوگا نے ملزمان کی بریت کے خلاف 2010ء میں اپیل دائر کی تھی۔

اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 20 ستمبر 1996ء کو میر مرتضیٰ بھٹو اور ان کے ساتھیوں کو گھر کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.