مراکش کے شاہ محمد ششم نے فرانس میں تعینات اپنے سفیر محمد بن خباؤن کو سبکدوش کر دیا ہے۔
مراکش کی وزارت خارجہ نے محمد بن خباؤن کو ذمہ داریوں سے برطرف کرنے کا مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا جب یورپی پارلیمنٹ میں مراکش کی طرف سے صحافیوں اور سماجی حقوق کے کارکنوں کو ہراساں کیے جانے پر ایک قرارداد منظور کی گئی تھی۔
بدھ کو مراکشی ایوان نمائندگان کے اسپیکر راشد طلبی نے کہا تھا کہ مراکش کے خلاف مہمات غیر منصفانہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے الزامات بین الاقوامی سطح پر ہماری پوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
فرانس میں تعینات مراکش کے سفیر کی برطرفی کا مراسلہ مراکش کے سرکاری گزٹ میں بھی شائع ہوچکا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ اس قسم کی پریس ریلیز گزٹ میں شائع ہوئی ہے۔
بن خباؤن کو 2021 میں بطور سفیر فرانس تعینات کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ فرانس الجزائر کی فوج کی تعمیر نو کر رہا ہے، مراکش کو خدشہ ہے کہ الجزائر اس پر حملے نہ کردے۔
دوسری طرف فرانس مغربی صحارا کے علاقے میں مراکش کی رِٹ کو قبول نہیں کرتا جو دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات میں تنازع کا باعث ہے۔
یاد رہے کہ جنوری میں اسرائیل اور مراکش کے درمیان عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا۔
اسرائیلی وزارت دفاع کے سینئر عہدیداران نے مراکش کا دورہ کرکے اہم معاہدے کیے تھے۔
Comments are closed.