جمعرات 27؍صفر المظفر 1445ھ14؍ستمبر 2023ء

مراکش: شادی کی تقریب میں شریک مہمان زلزلے سے کیسے محفوظ رہے؟

مراکش میں آئے  تباہ کن زلزلے کے دوران شادی کی ایک تقریب نے کئی لوگوں کی جان بچالی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، مراکش میں آئے تباہ کن زلزلے میں جہاں اب تک تقریباََ 3 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں وہیں اتفاق سے ایک گاؤں کیتو میں شادی کی ایک تقریب نے زلزلے کے دوران کئی لوگوں کی جان بچالی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دلہن کے خاندان کی طرف سے منعقد کی جانے والی تقریب میں شریک کئی لوگوں کی زلزلے کے دوران جان اس لیے بچ گئی کیونکہ وہ تمام لوگ خوشیوں بھری تقریب میں شریک ہونے کے لیے گھروں سے دور ایک کھلی جگہ پر جمع تھے، اس لیے زلزلے کے دوران جب ان کے پتھروں اور مٹی کی اینٹوں سے بنے گھر تباہ ہوئے تو تمام لوگوں کی جان اپنے گھروں سے باہر ہونے کی وجہ سے بچ گئی۔

مراکش کے اس گاؤں کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں زلزلے کے دوران شادی میں موسیقی کا رنگ جمانے آئے موسیقاروں اور تقریب میں شامل دیگر لوگوں کو خوفزدہ ہوتے اور چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

زلزلے نے اس گاؤں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے اور بہت سے رہائشی اب بے گھر ہوگئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے زلزلے کےدوران اس گاؤں میں کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا بس صرف ایک 8 سالہ بچے کے سر پر پتھر گرنے سے معمولی زخم آیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.