جمیکا ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے شاندار سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم کی ہر جانب تعریفیں ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کنگسٹن کے سبینا پارک میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن جب اننگز ڈیکلیئر کرنے کے بعد فواد عالم پویلین لوٹے تو مخالف ٹیم کے بولر جیسن ہولڈر نے انہیں شاباشی دی اور شاندار سنچری اسکور کرنے پر مبارکباد دی۔
جیسن ہولڈر کی فواد عالم کو سنچری کی مبارکباد دیتے تصویر سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بھی یہ تصویر شیئر کی، اور بتایا کہ جیسن ہولڈر ناقابلِ شکست سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم کو مبارکباد دے رہے ہیں۔
جیسن ہولڈر کی فواد عالم کے ساتھ خوشگوار موڈ میں لی گئی اس تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کا دن بنادیا، صارفین کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ تو میچ کی بہترین تصویر ہے۔
واضح رہے کہ جمیکا ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 کھلاڑی آؤٹ 302 رنز پر ڈکلیئر کردی۔
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے فواد عالم نے کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی، وہ 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم 75، محمد رضوان 31 اور فہیم اشرف 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیماروچ اور جیڈن سیلز نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جیسن ہولڈر کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
302 رنز کے جواب میں تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے 39 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں، دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے لیں جبکہ ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔
Comments are closed.