
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ مخالفین اپنے منہ سے کہہ رہے ہیں فنڈ عمران خان اکٹھا کر سکتا ہے، ملک کا حقیقی لیڈر عمران خان ہے، وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی فنڈ ریزنگ کی تھی، اب بھی کریں گے، عوام کو عمران خان پر اعتماد ہے کوئی اور لیڈر ان کی طرح فنڈ ریزنگ نہیں کر سکتا۔
حماد اظہر نے کہا کہ لوٹوں کی حکومت آنے سے ترقی کا جو سفر رک گیا تھا وہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے، پہلے پوش علاقوں میں ترقیاتی کام ہوتے تھے خوشی ہے کہ ہم نے غریب علاقوں میں کام کروائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو بھی ہماری ضرورت ہے، جس طرح ہم نے این اے 126 میں ترقیاتی کام کروائے اسی طرح سیلاب زدگان کی بھی مدد کریں گے۔
حماد اظہر نے کہا کہ ہم این اے 126 سے سیلاب زدگان کے لیے ریکارڈ امداد اکھٹی کریں گے، گلشن راوی ڈبل سڑکوں پر ایک انڈر پاس بنے گا، بابو صابو چوک سے یتیم خانہ چوک تک بھی انڈر پاس بنائے جائیں گے۔
Comments are closed.