بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

محکمہ موسمیات اور نجی ویدر اسٹیشن کے ریکارڈ میں فرق

محکمہ موسمیات کے رین ریکارڈ اور نجی ویدر اسٹیشن کے ریکارڈ میں انتہائی فرق ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈی ایچ اے میں 38.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے، جبکہ نجی ویدر اسٹیشن کے مطابق کلفٹن میں 91.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نجی ویدر اسٹیشن کے مطابق کیماڑی میں 83.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آج سب سے زیادہ بارش پی ایف بیس مسرور میں 59 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی ہے، جس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

آئی آئی چندریگر روڈ سے ٹاور تک سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں۔

اس کے علاوہ صدر، کھارادر، ایم اے جناح روڈ، لائنز ایریا اور کیماڑی میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔

آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ فیصل، ملیر، اسٹار گیٹ، ڈیفنس اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی، بارش سے کورنگی ندی میں طغیانی آگئی جس کی وجہ سے کازوے کل سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ کم ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ حیدرآباد، ٹھٹھ، بدین، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان، دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، نوابشاہ، نوشہروفیروز، سانگھڑ، سکھر، خیرپور، گھوٹکی، کشمور، تھرپارکر اور میرپورخاص میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 سے 3 روز میں ان اضلاع میں معتدل یا ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سارا دن کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی جبکہ کل عید کے دن بھی شہر میں بارش کا امکان ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.