پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے 16 برس پہلے ملتان میں ہونے والے ٹیسٹ کی یادیں تازہ کردیں۔
ملتان میں جیو نیوز سے گفتگو میں محمد یوسف نے کہا کہ 16 سال پہلے ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جو میچ کھیلا وہ یادگار تھا۔
سابق کپتان نےدوران گفتگو لیگ اسپنر دانش کنیریا اور برائن لارا کے درمیان ہونے والی تکرار کی یاد بھی تازہ کی۔
انہوں نے کہا کہ 16 برس کے بعد ملتان میں ٹیسٹ میچ ہو رہا ہے، جو ایک زبردست چیز ہے، پراُمید ہوں کہ دوسرا ٹیسٹ میچ اچھا ہوگا اور پاکستان جیتے گا۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ یہاں جب بھی میچ ہوتا ہے شائقین کی ایک بڑی تعداد آتی ہے، سب پاکستان کو جیتتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، ہم جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 16 برس پہلے میں نے ملتان ٹیسٹ میں میچ بچانے والی اننگز کھیلی تھی، پہلے خود بیٹنگ کے لیے یہاں آتا تھا اب بیٹرز کی رہنمائی کر رہا ہوں۔
پاکستانی بیٹنگ کوچ نے یہ بھی کہا کہ ویوین رچرڈ پائے کے کھلاڑی ہیں، میں تو ان کے نزدیک بھی نہیں ہوں، میں سر ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کوچز کا بس یہی فوکس ہوتا ہے کہ کھلاڑی ہماری رہنمائی میں اچھا کریں، اب مجھے لگ رہا ہے کہ یہاں ملتان میں ایک مختلف کام کے لیے آیا ہوں۔
محمد یوسف نے کہا کہ کرکٹ سے لگاؤ ہے کرکٹ سے ہی جڑے ہوئے ہیں، اس لیے نیا رول بھی اچھا لگ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم، محمد رضوان، امام الحق اور عبد اللّٰہ شفیق جیسے بیٹرز کو اب رنز کرتا ہوا دیکھ رہا ہوں، سلمان علی اور سعود شکیل جیسے زبردست کھیلنے والے بیٹرز آرہے ہیں۔
Comments are closed.