بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

محمد وسیم سندھ پبلک سروس کمیشن کے چیئرپرسن مقرر

سندھ حکومت نے گورنر سندھ کی منظوری سے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر محمد وسیم کو فوری طور پر سندھ پبلک سروس کمیشن کا چیئرپرسن مقرر کردیا ہے۔

اس حوالے سے نوٹیفکیشن چیف سکریٹری سندھ سہیل راجپوت نے جاری کردیا ہے۔

محمد وسیم پچھلی تین دہائیوں سے حکومت سندھ کے اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے معاشیات میں ماسٹرز کے بعد سرکاری ملازمت اختیار کی، بعد ازاں انہوں نے ایم بی اے کی ڈگری بھی حاصل کی۔

ریٹائرمنٹ کے وقت وہ حکومت سندھ کے ترقی و منصوبہ بندی بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

انہوں نے ایڈمنسٹریشن، فنانس، زراعت، بلدیات، صنعت و کامرس سمیت سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میں بھی اہم عہدوں پر کام کیا۔

محمد وسیم نے نگراں چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سروسز، سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور محکمہ جنگلات میں سیکرٹری کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں۔

انہوں نے دبئی میں واقع پاکستانی قونصل خانے میں قونصلر برائے کمیونٹی ویلفیئر کی حیثیت سے بھی کام کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.