جمعہ 26؍ذیقعد 1444ھ16؍جون 2023ء

‎محمد سعید شیخ کو ہیوسٹن سٹی کونسل میں میئر سلویسٹر ٹرنر نے اعزاز سے نوازا

‎امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن اور کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ کو ہیوسٹن سٹی کونسل میں میئر سلویسٹر ٹرنر نے ان کی تین دہائیوں پر مشتمل شاندار کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں سسٹر سٹیز انٹرنیشنل کی جانب سے ’سالٹر آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے نوازا۔

‎اس سال کیلئے سٹی کونسل میں میئر کی جانب سے اعلیٰ رضاکارانہ سالانہ ایوارڈ سعید شیخ کی مثالی خدمات کا ایک بڑا ثبوت ہے، جس میں چھ براعظموں کے 138 سے زیادہ ممالک کی سسٹر سٹیز کی سرگرمیوں میں صرف ان کی خدمات کو اس ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا جو کہ اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں کی تنظیموں کے پروگراموں میں ان کی بھرپور کوششوں کا مظہر ہے۔

امریکا کے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن سٹی کے 13 جون، 2023 کو ہونے والے سٹی کونسل اجلاس کے دوران، میئر سلویسٹر ٹرنر نے سعید شیخ کی جانب سے فلاحی کاموں اور کمیونٹی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس ایوارڈ کیلئے انہوں نے سعید شیخ کی گزشتہ آٹھ سالوں کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور اس کے بعد ان کو یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے ہیوسٹن کے لوگوں کی جانب سے سعید شیخ کو سسٹر سٹیز انٹرنیشنل (SCI) کے ’سال کے بہترین رضاکار‘ کے طور پر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد بھی پیش کی اور ان کو تمام سٹی کونسل کے اراکین اور پاکستان کے قونصل جنرل کی موجودگی میں اس ایوارڈ سے نوازا۔ 

میئر ٹرنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایس سی آئی کی طرف سے یہ اعزاز سسٹر سٹیز تحریک کے اہداف اور مشن اور سٹیزن ڈپلومیسی کے اصولوں کو آگے بڑھانے میں سعید شیخ کے شاندار کام کا ایک بڑا اعتراف ہے۔

 سعید شیخ نے ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی قیادت کرتے ہوئے، ہیوسٹن افطار کے انتظامات، ان کی انسانی ہمدردی کیلئے اقدامات، بشمول کوویڈ ۔19 اور پاکستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کوششوں کے دوران کی گئی ان کی بھرپور کوششیں، انکی شاندار خدمات کی عکاس ہیں۔

‎اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری بھی موجود تھے، جنہوں نے محمد سعید شیخ کو سٹی آف ہیوسٹن کی طرف سے یہ ممتاز ایوارڈ حاصل کرنے اور ان کی خدمات کا سٹی کی جانب سے سرکاری سطح پر اعتراف کرنے پر ان کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کمیونٹی کی خدمت کرنے سے متعلق سعید شیخ کے جذبہ اور لگن سے پہلے ہی واقف تھے اور آج وہ پاکستانی امریکن ڈاسپورا کی مرکزی دھارے میں ان کی شمولیت کو دیکھ کر بحیثیت پاکستانی خوش ہیں اور یہ سب کچھ دیکھ کر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

‎میئر کے اے اے پی آئی ایڈوائزری بورڈ کی چیئر، نومی حسین نے بھی مسٹر شیخ کو دلی مبارکباد پیش کی اور اپنی دادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جن کو بہت کچھ دیا گیا ہے، ان سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔

انہوں نے سعید شیخ کی 30 سال سے زیادہ کی کمیونٹی سروس اور انہیں ملنے والے متعدد ایوارڈز کی تعریف کی۔

‎اپنے تعریفی کلمات میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ نے میئر سلویسٹر ٹرنر اور سٹی کونسل کا اعتراف اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا، ’میں اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے دنیا بھر میں کمیونٹی اور انسانیت کی خدمت کرنے کے قابل بنایا۔‘ انہوں نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر سسٹر سٹیز انٹرنیشنل کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے میئر سلویسٹر ٹرنر کو ہیوسٹن کمیونٹی میں تنوع، شمولیت اور اتحاد لانے میں ان کی قیادت، خدمات اور لگن کا اعتراف کیا۔

‎مزید برآں محمد سعید شیخ نے چیف پیٹرن سید جاوید انور کی فراخدلانہ حمایت اور دوستی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان کے خاندان سے لے کر دوستوں تک، قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، میئر آفس آف ٹریڈ اینڈ انٹرنیشنل افیئرز، سسٹر سٹیز آف ہیوسٹن، اور مختلف کوششوں میں شامل ٹیم کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن، الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف، ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ، ہیوسٹن افطار اور کمیونٹی میڈیا سمیت کوآرڈینیشن کیا ہے۔

‎اس موقع پر موجود دیگر افراد میں الیاس حسن چوہدری، ڈائریکٹر آف ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ، ایچ کے ایس سی اے کے ڈائریکٹر نصر خان، ایچ کے ایس سی اے کے سراج نرسی اور اے ایف ڈی آر کے محمود احمد شامل تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.