
ملتان سلطان کے اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں، ان کیساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کوئی دباؤ نہیں رہتا۔
ٹیسٹ اوپنر شان مسعود پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کے لئے کھیل رہے ہیں، ماضی میں اس فرنچائز کی قیادت کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر کہتے ہیں کہ وکٹ کیپر کپتان محمد رضوان کیساتھ اننگز کا آغاز کرنا انتہائی اچھا احساس ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحییٰ حسینی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود بولے محمد رضوان اور ان کا ساتھ بہت پرانا ہے، پاکستان اے کیساتھ ہم دونوں نے کئی میچ کھیلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے لئے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ہم دونوں کو اس بات کا اندازہ اور احساس رہتا ہے کہ ہر روز آپ رنز نہیں کرسکتے، ہر دن آپ کا نہیں ہوتا، لہذا اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے، دونوں صورت حال کے مطابق کھیلتے ہیں، اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ سیزن سیون 2022 کے تیسرے میچ میں 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شان مسعود اور محمد رضوان نے ملتان سلطانز کو پہلی وکٹ پر 14.2 اوورز میں 150 رنز کا آغاز فراہم کیا، اور ٹیم کو پانچ وکٹوں سے جیت دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
شان مسعود مذکورہ میچ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ رضوان اور میں نے اننگز شروع کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ لاہور قلندرز کی بولنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے، بلخصوص کپتان شاہین شاہ آفریدی بہترین بولر ہیں، انہیں ابتدا میں وکٹ نہیں دینی۔
شان مسعود اپنی اور محمد رضوان کی وکٹو ں کے درمیان دوڑ نے کی اہلیت اور سنگل ڈبل مس نا کرنے کے سوال پر کہتے ہیں کہ ٹی 20 کرکٹ میں یہ بہت ضروری اور اہم ہوتا ہے کہ آپ بولرز کو وکٹ نا دیں، اور اسکور بورڈ چلاتے رہیں۔
شان مسعود نے مزید کہا کہ چھ دن میں ملتان سلطانز نے چار میچ کھیلے ہیں اور محمد رضوان نے انہیں بہت دوڑایا ہے، لہذا اب انہیں فزیو کے پاس جانا بے حد ضروری ہوگیا ہے۔
Comments are closed.