سعودی عرب کی 31 خواتین نے تیز رفتار ٹرین چلانے کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق ان خواتین ڈرائیورز کو اب دوسرے مرحلے میں تجربہ کار ٹرین ڈرائیورز کے ساتھ 5 سے 6 ماہ تک ٹرین چلانا ہوگی۔
تیز رفتار ٹرین چلانے کے لیے خواتین کا تربیتی پروگرام رواں برس مارچ میں شروع ہوا تھا۔
ان خواتین نے 483 گھنٹوں پر مشتمل تھیوری ٹریننگ مکمل کی ہے جس میں ریلوے کی بنیادی معلومات، ٹریفک اور حفاظتی قوانین، کام کے دوران خطرات، فائر فائٹنگ کے ساتھ ساتھ ٹرین اور ریلوے انفرااسٹرکچر کے تکنیکی پہلو شامل ہیں۔
قبل ازیں جب خواتین ٹرین ڈرائیورز کی ٹریننگ کے لیے 30 خواتین کی بھرتی کا اشتہار دیا گیا تھا تو 28 ہزار خواتین نے درخواستیں بھیجی تھیں۔
ان میں سے 145 خواتین کے انٹرویوز کیے گئے اور صرف 34 خواتین کو ٹریننگ کے پہلے مرحلے میں شامل کیا گیا۔
پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والی 70 فیصد سے زائد خواتین کے پاس یونیورسٹی تک کی تعلیم ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے سال کے دسمبر تک یہ نئی بھرتی ہونے والی ڈرائیورز سعودی شہروں کے درمیان چلنے والی تیز رفتار ٹرینیں چلایا کریں گی۔
Comments are closed.