وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہیے، کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی یعقوب منہاس اور و دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس میں مراد علی شاہ نے عرفان مہر کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مین پوری، گٹکا، ماوا اور دیگر منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی ایریا میں بینک ڈکیتی کیس بھی فوری ٹریس کیا جائے، مجھے کراچی ہر صورت پرامن چاہئے۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں بچی کو اسکول چھوڑنے جانے والے سیکریٹری سندھ بار کونسل کو کار پر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں بینک ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان بینک سے تقریباً 8 لاکھ روپے لے اڑے، واردات کے دوران ملزمان کی جانب سے سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنایا گیا۔
Comments are closed.