سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مجبوری کے تحت اتحادی حکومت کا حصہ بنے۔ اگر ہم موجودہ حکومت کا حصہ نہ بنتے تو 2035ء تک وہی ٹولہ اقتدار میں رہتا۔
نواب شاہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سابقہ حکمران ٹولہ ملک میں بادشاہت قائم کرنا چاہتا تھا۔
سابق صدر نے کہا کہ فارغ کی گئی حکومت اقتدار میں رہتی تو دنیا میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی بدحالی اور بےروزگاری کا اندازہ ہے، اقتدار میں آئے تو روزگار دیں گے۔
سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ جس طرح آپ لوگوں نے میرا ساتھ دیا آئندہ آپ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ کا ساتھ دیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اپنی ذمہ داریاں بلاول کے سپرد کردی ہیں، وہ آپ کے مسائل کو دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔
حالیہ سیلاب پر بات کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ طوفانی بارشوں نے ملک کا انفرا اسٹرکچر تباہ کیا۔ سندھ میں بہت نقصان ہوا، صوبے کے تباہ حال انفرااسٹرکچر کی بحالی کےلیے کوشش جاری ہے۔
Comments are closed.