جمعہ 16؍محرم الحرام 1445ھ4؍اگست 2023ء

متحدہ کا نگراں وزیراعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام دینے پر غور

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے نگراں وزیراعظم کے لیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا نام دینے پر غور شروع کردیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کے نام کل تک وزیراعظم کو بھیجے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادیوں کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اس حوالے سے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کیلئے کامران ٹیسوری کا نگراں وزیراعظم کیلئے نام سب سے موزوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری کا نام وفاق کیلئے دینا صوبے کا نقصان ہوگا، ملک کے وسیع تر مفاد میں ہم یہ قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام ہی مشاورت کے بعد تجویز کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل  وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادیوں کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں نگراں سیٹ اپ نئی مردم شماری اور اسمبلیوں کی تحلیل پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں طے پایا کہ مردم شماری کے معاملہ پر مشترکہ مفادات کونسل (سی سی ای) جو فیصلہ دے گی قبول ہوگا، وزیراعظم نے نگراں وزیراعظم سے متعلق اتحادیوں سے آج رات تک تجاویز مانگ لیں۔

 نگراں وزیراعظم کیلئے شاہد خاقان عباسی، حفیظ شیخ اور دیگر کے ناموں پر غور کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.