متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کراچی میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا ہے کہ یو اے ای اور پاکستان کے مابین 70 سال سے مضبوط تعلقات ہیں اور یو اے ای نے پاکستان کی ہر حکومت کے ساتھ مثالی تعاون کیا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے اپنی رہائش گاہ پر کراچی کے صحافیوں سے ملاقات کی۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوستی بے لوث اور مثالی ہے یہ دوستی دنیا بھر کیلئے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای حکومت ہر سال رمضان المبارک میں سندھ اور بلوچستان کے نواحی علاقوں میں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرتی ہے، اس سال بھی یہ سلسلہ زور شور سے جاری رہا۔
یو اے ای کے قونصل جنرل نے بتایا کہ اس رمضان المبارک میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں 25 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیاء تقسیم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی نہیں مقامی حکومت کے ساتھ مل کر کراچی، لاڑکانہ، خیرپور، سکھر، میرپور خاص میں صحت کے شعبے پر کام کررہے ہیں۔
بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار نے یو اے ای اور پاکستان کے مضبوط تعلقات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کرنے پر صحافیوں کو شیلڈز بھی دی گئیں۔
Comments are closed.