اقوامِ متحدہ کے ریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے متاثرینِ سیلاب کے لیے آئندہ منگل کو اقوامِ متحدہ نئی اپیل کرے گی۔
اسلام آباد میں اقوامِ متحدہ کے ریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں صورتِ حال تشویش ناک ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد، ڈائیریا، ٹائیفائیڈ اور ملیریا کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔
جولین ہارنیس نے کہا کہ بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں، صحت، خوراک، صفائی اور پینے کا صاف پانی ناپید ہے، 160 ملین ڈالرز کی اپیل کی گئی تھی جو ناکافی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جنیوا میں 4 اکتوبر کو نئی فلیش اپیل جاری کی جائے گی، یہ نئی اپیل آئندہ 6 ماہ کے لیے جاری ہو گی۔
اقومِ متحدہ کے ریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر نے اپیل کی کہ پاکستان کی مدد کے لیے ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت دیگر عالمی ادارے آگے آئیں۔
جولین ہارنیس یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ و بلوچستان اسمبلیوں کے ارکان کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔
Comments are closed.