بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ماں نے دورانِ پرواز پیدا ہونے والی بچی کا نام’میریکل عائشہ‘ کیوں رکھا؟

قطر میں دورانِ پرواز پیدا ہونے والی ایک بچی کا نام’میریکل عائشہ‘ رکھ دیا گیا۔

سعودی عرب سے یوگینڈا جانے والی ایک خاتون نے دوران پرواز ایک صحت مند بچی کو جنم دیا اور اس کا نام ’میریکل عائشہ‘ رکھا۔

بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، جس خاتون نے دورانِ پرواز بچے کو جنم دیا وہ افریقی تارکین وطن ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس ہنگامی صورت حال میں جہاز  کے عملے نے مسافروں سے  مدد کرنے کی درخواست کی تو پتا چلا کہ خوش قسمتی سے جہاز میں ٹورنٹو یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر عائشہ خطیب موجود تھیں۔

ڈاکٹر عائشہ خطیب نے جہاز میں موجود ایک نرس کی مدد سے خاتون کی ڈیلیوری کروائی۔

دورانِ پرواز پیدا ہونے والی اس بچی کی والدہ نے اپنی بچی کا نام ڈاکٹر عائشہ خطیب کے نام پر’میریکل عائشہ‘ رکھا جس کا مطلب ’عائشہ کا معجزہ‘ ہے۔

ٹورنٹو یونیورسٹی کی ایک پروفیسر ڈاکٹر عائشہ خطیب نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ اُنہوں نے دوران پرواز ایک خاتون کی ڈیلیوری کروائی ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’کیا جہاز میں کوئی ڈاکٹر ہے؟‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ فلائٹ میں کسی خاتون کی ڈیلیوری کروائیں گی! ‘

ڈاکٹر عائشہ خطیب نے دوران پرواز ایک معجزے کی پیدائش میں مدد کرنے کے لیے قطر ایئر لائن کے عملے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.