ٹائٹن آبدوز میں 4 مرتبہ سوار ہو کر سمندر کی گہرائیوں میں جانے والے ایک شخص نے اس آبدوز سے متعلق اپنے تجربات بیان کر دیے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس آبدوز میں ماضی میں 4 مرتبہ سفر کرنے والے اور ٹائی ٹینک کے ملبے تک جانے والے مسافر مائیک ریس نے کہا ہے کہ چاروں مرتبہ رابطے کے حوالے سے مسائل ہوئے۔
مائیک ریس نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ میں نے اس کمپنی کے ساتھ 4 مرتبہ سفر کیا، ایک ٹائی ٹینک کے لیے اور 3 نیو یارک سٹی سے دور اور ہر مرتبہ ہمارا رابطہ منقطع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں آبدوز کو اتنا قصور وار نہیں ٹھہراتا جتنا کہ میں گہرے پانی کو ٹھہراتا ہوں۔
مائیک ریس نے ماضی سے متعلق بتایا کہ ہم نیویارک کے ساحل سے دور ایک یو بوٹ دیکھنے گئے تھے، اس دوران رابطہ منقطع ہونے پر ہم فوراً ہی پانی کی سطح پر واپس آگئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رابطہ منقطع ہونے پر ہم سے کہا گیا کہ ہم واپس اوپر جا رہے ہیں اور ہمیں یہاں نیچے نہیں ہونا چاہیے۔
مائیک ریس نے کہا کہ کمپنی والے غیر ذمے دار لوگ نہیں وہ ان معاملات کو بہت ہی سنجیدگی سے دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کے ملبے کی جانب سفر کرنے والی ٹائٹن آبدوز اتوار کو سطح پر موجود جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد سے لاپتا ہے۔
Comments are closed.