پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ مارچ کے اسلام آباد پہنچنے تک بے شمار معجزات پیش آئیں گے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے عوامی مارچ کے انتظامات کے حوالے سے رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ 3 مارچ کو ملتان پہنچے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عوامی مارچ کا استقبال بہاول پور بائی پاس پر کیا جائے گا، جہاں بلاول بھٹو زرداری عوام سے خطاب کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے عوامی مارچ کے پہلے ہی روز وزیرِ اعظم عمران خان کو پیٹرول کی قیمت کم کرنا پڑی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں، تبدیلی کا نعرہ عارضی تھا، سونامی سے لوگ تنگ آ چکے ہیں، حکومت کے اتحادیوں کو حکومت سے تحفظات ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر ملک کے مستقبل کے لیے سوچ رہی ہیں، حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالا گیا، مارچ کا مقصد عوام کو ریلیف دلوانا ہے۔
Comments are closed.