اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر حافظ عبدالکریم کی 20 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت عالیہ نے سینیٹر حافظ عبدالکریم کو 20 مارچ سے قبل متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے سینیٹر حافظ عبدالکریم کو 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کروانے کا بھی حکم دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینیٹر حافظ عبدالکریم کی درخواست ضمانت پر ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کی جانب سے لطیف کھوسہ اور فیصل عرفان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ 12مارچ کو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہے، پٹیشنر کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے جو پی ڈی ایم کا حصہ ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی طرف سے یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں، تاہم سینیٹ الیکشن کو مدِ نظر رکھ کر پٹیشنر کو 2016 کے پرانے مقدمے میں شامل کیا گیا۔
انھوں نے استدعا کی کہ سینیٹر حافظ عبدالکریم کی راہداری ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد سینیٹر حافظ عبدالکریم کی 20 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
Comments are closed.