پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ بلال یاسین پر فائرنگ کرنے والے دونوں شوٹرز کو گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی 16 ٹیمیں ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تشکیل دیں تھیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رات گئے سی آئی اے پولیس نے 10 مختلف مقامات پر چھاپے مارے، ملزمان کو شاہدرہ کے علاقے سے خفیہ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ کل صبح ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بلال یاسین پر فائرنگ کیس میں متعدد لوگوں کو شامل تفتیش کیا گیا تھا، سہولت کار ساجد اور فخر عالم اسلحہ ڈیلر کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ادھر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری پر لاہور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
یاد رہے کہ 31 دسمبر کو بلال یاسین پر موہنی روڈ پر 2 موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ تقریباً ایک ہفتے قبل پنجاب پولیس نے کہا تھا کہ رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کا جائے وقوع سے فرار ہونے تک کا ڈیجیٹل میپ تیار کر لیا گیا ہے۔
Comments are closed.