گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے صاحبزادے ایڈووکیٹ احمد حسن رانا نے کہا ہے کہ رانا شمیم حلف نامہ اورثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ثابت ہوگئی تو عمران خان کی حکومت گر جائے گی۔
گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن رانا نے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکے والد کو اگلی سماعت پر حلف نامہ لازمی جمع کروانا ہوگا اگر ایسا نہ ہوا تو توہین عدالت لگ جائے گی۔
ایڈووکیٹ احمد حسن رانا نے کہا کہ آڈیو پر انکوائری شروع ہوگئی تو بیان حلفی پیچھے چلا جائے گا کیونکہ وہ آڈیو عدالت میں زیادہ قابل قبول ثبوت ہے، ثاقب نثار کی آڈیو صحیح ثابت ہونے سے میرے والد کا بیان حلفی درست ثابت ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیان حلفی کیس میں عدالت نے فیصلہ نہیں قیاس ظاہر کیا ہے کہ رانا شمیم ساڑھے تین سال تاخیر سے یہ بات کیوں سامنے لائے، عدالت نے میرے والد کے کیس میں ابھی عبوری حکم دیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالت نے بیان حلفی کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ہم اس پر عمل کرنے کے پابند ہیں، اگلی سماعت پر بیان حلفی کی اوریجنل کاپی عدالت میں جمع کروانا ہوگی اگر نہیں کروائی تو اس کے نتائج ہوں گے۔
Comments are closed.