ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ’بیلن ڈی اور‘ اپنے نام کرلیا، انہوں نے آٹھویں مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ تقریب میں لیونل میسی کو سال 2023 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
لیونل میسی نے گزشتہ سیزن کے دوران 41 میچوں میں 21 گول اسکور کیے، انہوں نے ورلڈکپ 2022 میں ارجنٹینا کو 36 سال بعد تیسری بار جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
معروف اسٹرائیکر لیونل میسی نے ورلڈکپ 2022 میں 7 گول مارے جبکہ 3 گول کرنے میں اپنے ساتھیوں کی مدد کی۔
علاوہ ازیں میسی نے رواں سال امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کو پہلی بار لیگز کپ جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا، انہوں نے لیگ کے 14 میچز میں 11 گول اسکور کیے۔
دوسری جانب لیونل میسی کی ارجنٹینا ٹیم کے ساتھی امیلیانو مارٹینیز نے بہترین گول کیپر کی یاشن ٹرافی جیت لی ہے۔
اسی طرح انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم کو کوپا ایوارڈ سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 5 مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔
Comments are closed.