ٹینس کی دُنیا کے مایہ ناز کھلاڑی راجر فیڈرر نے گرینڈ سلم اور اے ٹی پی ٹور ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، اس سال لندن میں ہونے والا لیور کپ اُن کا آخری بڑا ایونٹ ہوگا۔
20 مرتبہ گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والے 41 سالہ راجر فیڈرر نے پچھلے سال ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد گھٹنے کی سرجری کے سبب کوئی ایونٹ نہیں کھیلا تھا۔
ایک بیان میں سوئٹرز لینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی فیڈرر کا کہنا تھا کہ اُن کے جسم نے اُن کو واضح پیغام دے دیا ہے۔
فیڈرر نے کہا کہ اُنہوں نے 24 سال میں 1500 سے زائد میچز کھیلے اور اب اُنہیں سمجھنا چاہیے کہ کیریئر کو کہاں ختم کرنا ہے۔
وہ اس ماہ لندن میں ہونے والے لیور کپ کے بعد ٹینس مقابلوں کو خیرباد کہہ دیں گے۔
فیڈرر کا کہنا تھا کہ وہ کھیل سے محبت کرتے ہیں اور اُسے کبھی نہیں چھوڑیں گے۔
راجر فیڈرر نے 16 برس کی عمر میں 1998 کے دوران اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے پہلا گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ 2003 میں ومبلڈن اوپن کی صورت میں جیتا تھا۔
راجرر فیڈرر نے ریکارڈ 8 مرتبہ ومبلڈن میں فتح حاصل کی، انہوں نے اپنا آخری گرینڈ سلم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن 36 برس کی عمر میں 2018 میں جیتا تھا۔
وہ اوپن ایریا میں گرینڈ سلم ایونٹ جیتنے والے دوسرے معمر ترین کھلاڑی بھی بنے تھے۔
راجر فیڈرر مسلسل 310 ہفتے تک اے ٹی پی رینکنگ کے نمبر ون کھلاڑی بھی رہے جو ایک ریکارڈ ہے۔
Comments are closed.