کراچی میں لیاقت آباد سے گزشتہ ماہ اغوا ہونے والی دونوں بہنوں کو پولیس نے بازیاب کرالیا، مغوی لڑکیوں کو انکے پڑوسی نے ساتھیوں کی مدد سے جسم فروشی کے اڈے پر فروخت کرنے کے لیے اغوا کیا تھا۔
پولیس کے مطابق سی ایریا غریب نواز مسجد کے قریب رہائش پذیر شمائلہ نامی خاتون کی 2 بیٹیاں 7 مارچ کی شب 8 بجے گھر سے کچھ چیز لینے نکلی تھیں جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئیں تھیں۔
سپر مارکیٹ تھانے میں دونوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ پولیس نے 16 مارچ کو لڑکیوں کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا۔
پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کے دوران 2 ملزمان صدیق، صادق کو گرفتار کرلیا جبکہ انکا ساتھی ممتاز فرار ہوگیا، جبکہ مغوی بہنوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے دونوں بہنوں کو جسم فروشی کی نیت سے اغوا کیا تھا جنہیں وہ کسی اور کو فروخت کرنا چاہتے تھے۔
گرفتار ملزم صدیق مغوی بہنوں کا پڑوسی ہے جو دونوں بہنوں کو اغوا کے بعد لائنز ایریا میں فحاشی کے اڈے پر لے گیا تھا تاہم پولیس نے موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر اڈے پر چھاپہ مار کر دونوں بہنوں کو بازیاب کرالیا۔
Comments are closed.