جمعہ 17؍شعبان المعظم 1444ھ10؍مارچ 2023ء

لگژری آئٹمز پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد

حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرط پر لگژری آئٹمز پر 25 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

حکام کے مطابق لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس بڑھانے سے ایف بی آر کو چار ماہ میں 15 ارب روپے کی آمدن ہو گی۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق امپورٹڈ الیکٹرونکس آئٹمز، خواتین کے لیے امپورٹڈ میک اپ کے سامان پر سیلز ٹیکس 25 فیصد ہو گیا، امپورٹڈ لپ اسٹک، فیس پاؤڈر، بالوں کے لیے رولر اور ڈرائرز پر بھی سیلز ٹیکس کی شرح 25 فیصد ہو گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پالتو جانوروں کی امپورٹڈ خوراک، امپورٹڈ برانڈڈ شوز، خواتین کے لیے امپورٹڈ برانڈ کے پرس، امپورٹڈ شیمپو، صابن اور لوشن پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کر دی گئی۔

حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کر دی، کابینہ نے لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کرنے کی منظوری دے دی۔

امپورٹڈ برانڈ ہیڈ فونز، آئی پوڈ اور اسپیکرز، امپورٹڈ دروازوں اور کھڑکیوں پر سیلز ٹیکس 25 فیصد ہوگیا، امپورٹڈ لگژری برتن، امپورٹڈ باتھ فٹنگز پر بھی سیلز ٹیکس کی شرح 25 فیصد کر دی گئی۔

ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق امپورٹڈ ٹائلز، سینٹری سامان، امپورٹڈ فانونس اور فینسی لائٹس پر بھی سیلزٹیکس 25 فیصد کردیا گیا، امپورٹڈ اور مقامی تیار ہونے والی 1400 سی سی گاڑیوں پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کی تھی اور کابینہ نے لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کرنے کی منظوری دی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.