سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے سیمووانڈہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 19 اور 20 اکتوبر کی درمیانی رات دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آپریشن میں 4 دہشتگرد مارے گئے، ایک زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
ہلاک دہشتگرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے، کارروائی کے دوران اسلحہ، آلات اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا، علاقہ مکینوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔
Comments are closed.