لوڈشیڈنگ کے ستائے کراچی والوں کو بجلی کا نیا جھٹکا دینے کی تیاری کر لی گئی۔
کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کی بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی سماعت آج نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کرے گا۔
منظوری کی صورت میں کے الیکٹرک صارفین پر 10 ارب 93 کروڑ روپے کا بوجھ منتقل ہو سکتا ہے۔
کے الیکٹرک کی سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی سماعت بھی آج ہو گی۔
جنوری سے مارچ کی ایڈجسٹمنٹ میں کے الیکٹرک نے فی یونٹ 4 روپے 52 پیسے اضافہ مانگا ہے۔
اُدھر ’جیو نیوز‘ کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر بجلی، پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی ختم نہ کی تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتیں نہ بڑھائیں تو آئی ایم ایف ہم سے معاہدہ نہیں کرے گا، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پیٹرول پر سبسڈی ختم کریں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ چین سے اگر پیسے آ جائیں گے تو اعتماد بحال ہو گا۔
مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ دو تین ماہ میں مہنگائی کا مسئلہ کنٹرول کر لیں گے، مہنگائی کی شرح 25 سے 30 فیصد تک نہیں جائے گی۔
Comments are closed.