لبنان میں امریکی سفارتخانے کی زیر تعمیر نئی عمارت کا وسیع و عریض رقبہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
نیا سفارتخانہ بیروت کے مرکز سے 13 کلومیٹر دور ہے، یہ اپنے آپ میں ہی ایک شہر لگتا ہے۔
43 ایکڑ پر محیط سفارتخانہ وائٹ ہاؤس سے ڈھائی گنا زیادہ بڑا اور فٹبال کے 21 میدانوں کے برابر ہے۔
سوشل میڈیا پر لبنانی شہری سوال اٹھا رہے ہیں کہ امریکا کو ان کے دارالحکومت میں اتنے بڑے سفارتخانے کی کیا ضرورت ہے؟
واضح رہے کہ عرب ملک لبنان امریکی ریاست کنیٹیکٹ سے چھوٹا ہے اور اس کی آبادی صرف 60 لاکھ ہے۔
سفارتخانے کی طرف سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق عمارت میں ایک جدید کمپاؤنڈ ہے جس میں کئی منزلہ مختلف عمارتیں ہیں جن کی کھڑکیوں پر اعلیٰ معیار کے شیشے لگائے گئے ہیں۔
کمپاؤنڈ میں تفریح کیلئے علیحدہ سے جگہ مختص ہے، دفاتر ہیں، اسٹاف کی رہائش کیلئے کوارٹر ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیروت میں نئے امریکی سفارتخانے کی عمارت کیلئے منصوبے کا اعلان 2015 میں کیا گیا تھا جس کی لاگت کا تخمینہ ایک ارب ڈالر ہے۔
سفارتخانے کی تعمیر بیورو آف اوورسیز بلڈنگز آپریشن کر رہا ہے جس نے دنیا کے کئی ممالک میں امریکی سفارتخانے تعمیر کیے ہیں۔
Comments are closed.