لاہور کی دھند چھٹنے لگی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروازوں کیلئے بحال ہوگیا ہے۔
ایک گھنٹے سے چکر کاٹنے والی برٹش ایئر ویز کی لندن سے پرواز دن 10:37 پر لینڈ کر گئی ہے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مدینہ سے پہنچی پی آئی اے کی پرواز پی کے 9748 بھی لاہور اتر گئی ہے۔
لاہور میں چھائی دھند کے سبب آج 6 پروازوں کو اسلام آباد اور کراچی اتارا گیا تھا۔
دوسرے روز کی دھند کی وجہ سے لاہور سے 20 پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔
اس سے قبل لاہور اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن آج دوسرے روز بھی رات 12 بجے سے بند رہا، لگ بھگ 20 پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ 6 بین الاقوامی پروازوں کو مختلف ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی سے لاہور پہنچی پرواز ای کے 622 کو کراچی اور پی کے 204 کو اسلام آباد اتارا گیا، جدہ سے لاہور کے لیے ایئر بلیو کی پرواز پی اے 4733 بھی اسلام آباد اتاری گئی۔
استنبول سے لاہور کیلئے ترکش ایئر کی پرواز ٹی کے 714 ایک گھنٹہ چکر کاٹنے کے بعد اسلام آباد منتقل کی گئی، موسم بہتر ہونے کے انتظار میں کویت سٹی سے آئی جزیرہ ایئر ویز کی پرواز جے 9501 نے لاہور کی فضا میں 3 گھنٹے تک چکر کاٹے جس کے بعد پرواز کو اسلام آباد لینڈ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ایئر بلیو کی شارجہ اور ایئر عربیہ کی پرواز کی راس الخیمہ کیلئے وقت پر روانگی ممکن نہ ہوسکی۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی اور ٹورنٹو کے مسافر بھی روانگی کے منتظر رہے، لاہور میں دھند کی وجہ سے ایئر لنکا کی پرواز یو ایل 185 کولمبو سے کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ پرواز وائی جی 9089 نے بھی لاہور میں دھند کی وجہ سے کنمنگ سے مقررہ وقت پر ٹیک آف نہیں کرسکی۔
مدینہ سے پی آئی اے کی پرواز لاہور کے لیے وقت پر روانہ ہوئی، لندن سے برٹش ایئر ویز کی پرواز بی اے 259 اور لندن ہی سے دوسری پرواز وی ایس 364 بھی راستے میں لاہور لینڈنگ کی منتظر رہیں۔
لاہور سے کراچی، دمام، مشہد، دبئی کی پروازوں کی روانگی بھی متاثر ہوئی تھی۔
Comments are closed.