لاہور میں ملتان روڈ پر واقع یتیم خانہ چوک کے قریب تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ٹوئٹر اور دیگر ذرائع ابلاغ سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان یتیم خانہ چوک کے قریب احتجاج کر رہے تھے کہ پولیس نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس فائرنگ کے نتیجے میں تحریک لبیک کے 3 کارکنان جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ کارکنان نے جاں بحق اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا۔
تحریک لبیک کے ترجمان شفیق امینی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ پولیس کی جانب سے صبح آٹھ بجے یتیم خانہ چوک کے قریب کارکنوں پر فائرنگ کی گئی۔ “فائرنگ سے درجنوں کارکن جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے”۔
ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے تک لاشوں کی تدفین نہیں کریں گے۔
لاہور پولیس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ یتیم خانہ چوک پر تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ تاہم مزید تفصیلات نہیں دی گئی۔
Comments are closed.