بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہور پولیس کا کارنامہ،دس ماہ تک جرائم کی رپورٹس دبائے رکھیں،رواں ماہ سولہ ہزار مقدمات درج

لاہور پولیس نے شہریوں کی جانب سے گزشتہ 10 ماہ کے عرصے میں جمع کرائی گئی شکایات دبائے رکھیں جبکہ اچانک رواں ماہ پرانی شکایات  پر 16 ہزار مقدمات درج کرلیے۔

یہ اتنی بڑی تعداد میں جرائم کے اعداد و شمار کو چھپانے کا پہلا واقعہ ہے جس کی نشاندہی ہوئی اور یہ معاملہ پولیس قیادت کے حالیہ اجلاس کے دوران باضابطہ طور پر رپورٹ ہوا۔

ایک اعلی افسر نے بتایا کہ جب پولیس جرائم کی شرح کم دکھانے کے لیے گڑ بڑ کرتی ہے تو شکایات کی اطلاع نہیں دی جاتی، اس غیر اخلاقی عمل نے شہریوں کو ان کی چھینی یا چوری شدہ املاک کی برآمدگی کے لیے مجرموں کو قانون کی عدالت میں لے جانے کے بنیادی حق سے محروم کیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ لاہور پولیس کے 6 ڈویژنز میں شہریوں نے یکم جنوری سے 31 اکتوبر تک 16 ہزار 533 شکایات درج کروائیں جو گاڑیاں چھیننے، ڈکیتی اور چوری جیسے سنگین جرائم سے متعلق تھیں جنہیں پولیس ریکارڈ میں شو نہیں کیا گیا۔

اس پیش رفت کی سب سے پریشان کن بات یہ ہے کہ پولیس نے گاڑیاں چھیننے اور چوری سے متعلق جرائم میں بھی گڑ بڑ کی، اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی میں کبھی اس قسم کے جرائم اتنی بڑی تعداد میں غیر رپورٹ شدہ نہیں رہے۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 10 ماہ کے عرصے میں چوروں نے شہریوں کی 4 ہزار 209 موٹر بائیکس اور 139 کاریں اور دیگر گاڑیاں چوری کیں جبکہ گن پوائنٹ پر 45 موٹرسائیکلز اور 3 کاریں یا دیگر گاڑیاں چوری کی گئیں، یہ تمام جرائم نومبر کے مہینے میں درج کیے گئے۔

یہ صورتحال صوبائی دارالحکومت میں صوبائی پولیس سربراہ اور متعلقہ اداروں کے دیگر افسران کی ناک کے نیچے جرائم کے اعداد و شمار چھپانے کا خوفناک رجحان ظاہر کرتی ہے۔

پولیس ماہرین نے کہا کہ عمومی طور پر پولیس افسران کی کارکردگی کو جرائم کی شرح میں کمی یا اضافے سے پرکھا جاتا ہے، ان کا نقطہ نظر یہ تھا کہ اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اس عرصے کے دوران افسران نے جرم کو ریکارڈ نہ کر کے اسے مس گائیڈ کرنے کی کوشش کی۔

ایک سینیئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جرائم کے اعداد و شمار میں ہیرا پھیری کو اکثر غیر پیشہ واریت کی بدترین مثال قرار دیا جاتا ہے جس نے پولیس کے محکموں کو پریشان کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج ریاست کی ذمہ داری ہے تا کہ قابل سزا جرائم ہونے کا ریکارڈ رکھا جاسکے جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

اتنی بڑی تعداد میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف شکایات درج کرانے کے شہریوں کے بنیادی حقوق سے انکار کے سرکاری اعداد و شمار نے پولیس افسران کے ساتھ ساتھ موجودہ طریقہ کار کو بھی بری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 16 ہزار 533 غیر رپورٹ شدہ شکایات میں ڈکیتیوں کی 16، لوٹ مار کی 2 ہزار 365 ، گاڑیوں کی چھینا جھپٹی کی4 ہزار 413، گھر اور دکانوں میں چوری کی 570، اسٹریٹ کرائم کی ایک ہزار 360، املاک کی 7210 اور 599 متفرق شکایات تھیں۔

You might also like

Comments are closed.