لاہور میں ڈاکوؤں نے 12 گھنٹوں کے دوران 11 شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، مغل پورہ میں فیملی کو لوٹنے کی فوٹیج سامنے آگئی، نواں کوٹ میں بچے بچوں کو لوٹنے لگے، ایک بچے سے پرس چھیننے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔
لاہور میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، آپریشنز ونگ نے 12 گھنٹوں میں 11 وارداتوں کے مقدمات درج کر کے انویسٹی گیشن ونگ کے کھاتے میں ڈال دیے۔
نواں کوٹ میں دو بچوں نے تیسرے بچے کو لوٹ لیا، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بچہ ہاتھ میں پرس پکڑے گاڑی کے ساتھ کھڑا ہے۔ موٹرسائیکل سوار دو بچے اچانک پرس جھپٹ کر فرار ہوجاتے ہیں۔
پولیس نے دونوں بچوں کو گرفتار کر لیا، تاہم متاثرہ بچے کے والدین نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا، جس پر دونوں بچے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیے گئے۔
مغل پورہ میں تین پیادہ ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا، سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو گلی میں پھر رہے ہیں، سامنے سے موٹرسائیکل سوار فیملی آئی تو ڈاکو اس سے کیش، موبائل فون اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوجاتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے۔
Comments are closed.